Wednesday 14 October 2015

7 ستمبر یوم ختم نبوت پر ایک خاص درود شریف!

7 ستمبر یوم ختم نبوت پر ایک خاص درود شریف!
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
ایک درود جو 'تنجینا' کہلاتا ہے، یعنی نجات دینے والا درود۔ اس کے متعلق حضرت شیخ نے فضائل درود شریف میں ایک نیک صالح بزرگ حضرت ''موسیٰ ضریر'' رحمۃ اللہ علیہ کا قصہ تحریر فرمایا ہے۔ لکھتے ہیں: ''ایک جہاز ڈوبنے لگا اور میں اس میں موجود تھا، اس وقت مجھ کو غنودگی سی ہوئی، اس حالت میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ کو یہ درود (تنجینا) تعلیم فرمایا کہ جہاز والے اس کو پڑھیں، جس کے پڑھنے سے جہاز ڈوبنے سے بچ گیا۔''
اَللّٰہُمَّ صَلِّ عَلٰی سَیِّدِنَا وَمَوْلَانَا مُحَمَّدٍ وَّعَلٰی اٰلِ سَیِّدِنَا وَمَوْلَانَا مُحَمّدٍ صَلٰوۃً تُنْجِیْنَا بِھَا مِنْ جَمِیْعِ الْاَھْوَالِ وَالْاٰفَاتِ
وَتَقْضِی لَنَا بِھَا جَمِیْعَ الْحَاجَاتِ وَتُطَہِّرْنَا بِھَا مِنْ جَمِیْعِ السَّیِّئَاتِ وَتَرْفَعْنَا بِھَا عِنْدَکَ اَعْلَی الدَّرَجَاتِ وَتُبَلِّغْنَا بِھَا
اَقْصَی الْغَایَاتِ مِنْ جَمِیْعِ الْخَیْرَاتِ فِی الْحَیَاتِ وَبَعْدَ الْمَمَاتِ إِنَّکَ عَلٰی کُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ۔
''اے اللہ تو ہمارے سردار اور ہمارے آقا محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور ہمارے سردار اور ہمارے آقا محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی اولاد پر رحمت نازل فرما، ایسی رحمت کہ جس کے ذریعے تو ہمیں سارے خطرات اور آفتوں سے نجات عطا فرمائے اور جس کے ذریعے تو ہماری ساری ضرورتوں کو پورا کرے اور جس کے ذریعے تو ہمیں سارے گناہوں سے پاک کرے اور جس کے ذریعے تو ہمارے درجوں کو اپنے ہاں بلند کرے اور جس کے ذریعے تو ہمیں زندگی میں اور موت کے بعد کی ساری بھلائیوں کے منتہائے مقاصد تک پہنچادے۔ بے شک تو ہر چیز پر قدرت رکھنے والا ہے۔''
شبِ جمعۃ المبارک 8 محرم الحرام 1431ھ کو مدینہ منورہ میں ایک متبع سنت سید بزرگ کو حضور اقدس رحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت ہوئی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
میرے محبوب 'حسین احمد مدنی'کے وظیفے (درود شریف تنجینا) کو خوب پھیلائیں۔ خصوصاً پاکستان میں جو حالات ہیں اس کے لیے خصوصاً اہتمام سے یہ وظیفہ پڑھیں، پھر فرمایا عزیز الرحمن (ہزاروی) سے کہیں، اس وظیفے کو اپنے حلقہ اور عوام میں پھیلائیں۔
شیخ الاسلام حضرت مولانا سید ''حسین احمد مدنی'' رحمۃ اللہ علیہ آفات سے حفاظت کے لیے یہ وظیفہ روزانہ بعد عشاء 70 بار پڑھنے کو فرمایا کرتے تھے۔ (مکتوبات شیخ الاسلام ص 95)
حکیم الامت حضرت تھانوی رحمۃ اللہ علیہ نے 'زاد السعید'میں اور ان کے خلیفہ حضرت ڈاکٹر عبدالحئی صاحب نے اپنی کتاب 'اسوہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ' میں لکھا ہے کہ اس درود شریف کا کثرت سے پڑھنا اور مکان میں چسپا کرنا تمام امراض وبائیہ، ہیضہ وطاعون وغیرہ سے حفاظت کے لیے مفید اور مجرب ہے اور قلب کو عجیب وغریب اطمینان بخشتا ہے۔ اس کی برکات بے شمار ہیں۔
7 ستمبر یوم ختم نبوت کو سرکار دو عالم حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم (روحی فداہ امی و ابی) کو کم ازکم 5 بار درود تنجینا کا ہدیہ پیش کیجیے۔
محمد فیصل شہزاد

No comments:

Post a Comment